بِنتِ ظفر کے قلم سے
میں نے بہت سی ایسی تحریر لکھیں جن میں اکثر اپنے والد کا ذکر کیا لیکن کوئی ایسی تحریر میں اب تک نہیں لکھ پائی جس کا عنوان صرف میرے والد پر ہو۔ بہت عرصے سے کسی ایسے موقعے کی تلاش تھی کہ والد کے حوالے سے کوئی باقاعدہ تحریر لکھ سکوں۔ آج21 جون 2020 بروز اتوار ہے۔ آج فادرز ڈے ہے تو اس سے بہتر تحریر لکھ کر اپ لوڈ کرنے کا موقع کوئی نہیں ہو سکتا۔ میرے والد صاحب اُن خیالات کے حامی لوگوں میں شامل ہیں جن کے نزدیک رشتوں سے محبت کے اظہار کا محض ایک دن ہی مقرر نہیں ہوتا بلکہ ہر دن اور ہر لمحہ ہی محبت کے اظہار کا ہوتا ہے۔ اُن کی یہ بات ٹھیک بھی ہے لیکن وہ جو کہتے ہیں کہ رسمِ دنیا بھی ہے، موقع اور دستور بھی، تو میں بھی اسی پر چلتے ہوئے آج یہ تحریر آپ سب سے شیئر کر رہی ہوں۔ میرے پاپا ایک محبت کرنے والے حساس، زندہ دل اور ملنسار انسان ہیں۔ انہی خوبیوں کی بدولت وہ اپنے بے حد وسیع حلقہ احباب میں ہر دل عزیز شخصیت ہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ اگر اللہ انسان کو پہلی اولاد بیٹی سے نوازے تو وہ اپنے باپ سے زیادہ مشابہت رکھتی ہے۔ شاید میرا یہ ماننا کچھ اس لیے بھی ہے کہ بچپن سے لے کر اب تک جب بھی میرے والد ص...