سالگرہ مبارک!
راحیلہ کوثر کا شمار میری بہت پیاری دوستوں میں ہوتا ہے۔راحیلہ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ کسی بھی کام کو بہت مخلص ہو کر اور سنجیدگی سے انجام دیتی ہے۔ہم میں سے بہت سے ایسے لوگ ہیں جو بناغرض کوئی تعلق قائم نہیں رکھتے مگر کام سے جڑے رہنے کے علاوہ بھی وہ ہمیشہ مجھ سے رابطہ رکھتی ہے۔ میری زندگی کے جھمیلے ہی کچھ ایسے ہیں کہ ان میں الجھے رہنے کے باعث میں اکثر رابطہ کرنے میں پہل نہیں کر پاتی۔ اور یہ شکایت اکثر ہی اسے مجھ سے رہتی ہے مگر یہ اس کی پُر خلوص چاہت کا اثر ہے جو میرے چند خاص دوستوں کی فہرست میں اس کا نام ہمیشہ جگمگاتا رہتا ہے۔
بہت سے لوگ جب کسی کو خود سے زیادہ کچھ اچھا کرتے یا کامیاب ہوتے دیکھتے ہیں تو ان سے آگے بڑھتا دیکھنے کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ مگر میری یہ دوست بہت شفاف دل کی مالک ہے۔ اسے کسی کی کوئی بات اچھی لگے تو اس کی تعریف کرتے ہوئے اظہار بھی کرتی ہے۔ خود اچھا لکھنے کے باوجود بھی کئی مرتبہ میری تحریروں کی بھی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔پنجاب یونیورسٹی سے ہم نے ماسٹرز کی تعلیم ایک ساتھ حاصل کی تھی۔ میری طرح وہ بھی برج جوزا سے تعلق رکھتی ہےاورمیری ہی طرح وہ بہت حساس طبیعت بھی رکھتی ہے ۔شاید یہ اور ایسی ہی چند اور باتیں ہیں جن کی بدولت مجھے اس کے ساتھ ہمیشہ ایک الگ اپنایت کا احساس ہوتا ہے۔
پیاری راحیلہ!سالگرہ بہت مبارک ہو۔آج کے دن کی مناسبت سے میری دعا ہے کہ قلمی سفر میں کامیابیاں سمیٹتی رہو۔ اللہ تمھاری تمام جائز حاجات و خواہشات کو قبول فرمائے اور ہمیشہ قائم رہنے والی خوشیاں تمھارے در کا مقدر بنیں، آمین۔
از قلم، علینہ ظفر
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں